ویب ڈیسک: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبے کے حوالے سے بہت سے معاملات زیر بحث آئے ۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے محسن نقوی کو پنجاب کی سرکاری جامعات میں پچھلی حکومت کے تقریبا 4 سالہ دور حکومت کے دوران عدم توجہی کے باعث پیش آنے والے مالی, انتظامی معاملات میں زبوں حالی سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، پولیس سٹیشنز، فیسیلیٹیشن سینٹرز ، چڑیا گھروں اور عوامی تفریحی مقامات میں بہتری سمیت صوبائی مالیاتی معاملات میں بہتری پر گفتگو ہوئی۔ گورنر پنجاب نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، ساتھ ہی وزیراعلٰی پنجاب کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی آپ گریڈیشن پر مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی کی مختصر عرصے میں کاوشیں بالخصوص صحت کے شعبے میں اقدامات مثالی ہیں۔ لاہور میں سموگ کا مسلہ غیر معمولی ہے۔ اس کے لیے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جس پر محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کے مسلے کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں، ایک مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرا تجربہ اسی ماہ کیا جائے گا۔ سموگ کے مسلے کے حل کے لیے دھواں دیتی گاڑیوں کو روکنے سمیت دوسرے اقدامات تیزی سے جلد نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔