لیسکو کو پرائیویٹ سیکٹر سے بجلی کی خریداری اور صارفین کو فروخت کرنے کی اجازت دیدی گئی

4 Jan, 2024 | 03:06 PM

Imran Fayyaz

(شاہد ندیم سپرا)شہر میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کا میگا پراجیکٹ تیار کر لیا گیا، نیپرا نے لیسکو کو ڈسٹری بیوشن کیساتھ پاور سپلائی کا لائسنس جاری کر دیا، مارکیٹ میں پاور ہاؤسز سے سستی بجلی خریدی جا سکے گی ۔
لیسکو کو پرائیویٹ سیکٹر سے بجلی کی خریداری اور صارفین کو فروخت کرنے کی اجازت دیدی گئی ،نیپرا نے لیسکو کو الیکٹرک پاور سپلائی لائسنس جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،لیسکو کا پاور الیکٹرک سپلائی لائسنس بیس سال تک ہو گا۔

 اس سے قبل لیسکو کے پاس صرف ڈسٹری بیوشن لائسنس تھا ، لیسکو سی پی پی اے سے بجلی خرید کر صارفین کو فروخت کرتی تھی، اب لائسنس کے تحت لیسکو دیگر پاور ہاؤسز سے براہ راست بجلی خرید سکے گی ،پاور ہاؤسز سے بجلی کی خریداری اور فروخت سے لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جا سکے گا جبکہ خریدوفروخت کی وجہ سے صارفین کو سستی بجلی بھی مہیا کرنے کے امکانات روشن ہوں گے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لیسکو کو ڈسٹری بیوشن اور سپلائی لائسنس کی بنیاد پر دو کمپنیاں بنانا ہوں گی، جن میں افسران و ملازمین کی علیحدہ علیحدہ تقرری کی جائیگی ،ڈائریکٹر جنرل میراڈ لیسکو الطاف قادر اور ٹیم نے لائسنس کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ۔

مزیدخبریں