غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، مزید 120 فلسطینی شہید

4 Jan, 2024 | 12:09 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 120 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک اسرائیلی یرغمالی مارا گیا۔

غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 637 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 57 ہزار 296 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہدا میں 9 ہزار 100 سے زائد بچے اور 6 ہزار 500 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 خواتین بھی شامل ہیں۔

 ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں پر صیہونی مظالم میں کوئی کمی نہ آسکی، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں اور انتہا پسند یہودیوں کے ہاتھوں 83 بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 324 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 3 ہزار 800 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہیومن افیئرز کے آفس (او سی ایچ اے) اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 31 دسمبر 2023 تک کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 3 لاکھ 55 ہزار رہائشی یونٹ مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 370 سے زائد تعلیمی مراکز بھی صفحہ ہستی سے مٹادیے گئے ہیں۔

 اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے کے بعدغزہ کے 36 میں 23 اسپتال مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں، 123 ایمبولینسوں اور 203 عبادتگاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

مزیدخبریں