(سٹی42) لاہور کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئےہیں ،جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ۔
لاہور میں شام 3 بج کر 10 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لو گ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر سکیل پر شدت 4.3 تھی، زلزلے کا مرکز شیخوپورہ سے19 کلو میٹر دور ریکارڈ کیا گیا۔
زلزلے کیوں آتے ہیں؟
زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔
زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔