ویب ڈیسک: وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے اعتماد کے ووٹ پر پی ٹی آئی کے پارٹی ذرائع کی جانب سے 3 ارکان کی مخالفت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق فی الحال 3 ارکان اعتماد کے ووٹ میں نہیں آئیں گے، ان 3 ارکان کے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے کا امکان ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت پی ٹی آئی اور ق لیگ کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ذرائع کے مطابق دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے اعتماد کے ووٹ کے سلسلے میں پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اس حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، عثمان بزدار، اسلم اقبال، محمود الرشید، عباس علم دار کو اہم ذمے داریاں تفویض کی ہیں۔
عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 11 جنوری سے قبل ہر صورت اعتماد کا ووٹ لیا جائے، جس کے لیے پارٹی رہنما ارکانِ اسمبلی سے رابطوں کا عمل جلد مکمل کریں۔سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 9 جنوری کے اسمبلی کے اجلاس میں ارکان سے رابطوں کا عمل مکمل کر لیا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے بعد پارٹی کے فیصلے کے مطابق آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔