(مانیٹرنگ ڈیسک) تیل کی عالمی قیمتیں ایک ماہ میں اپنی بلند ترین سطح سے نیچے آگئیں جس سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کی امید پیدا ہوگئی۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے سربراہ کی طرف سے عالمی معیشت کی سست روی کے بیان اور ڈالر کی مضبوطی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں ایک ماہ میں اپنی بلند ترین سطح سے نیچے آگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ کروڈ 98 سینٹ یا 1.1 فیصد گر کر 84.93 ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے جبکہ ڈالر کی مضبوطی کے بعد یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 77 سینٹس یا ایک فیصد سے کم ہو کر 79.49 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے معیشت کو فائدہ ہوگا، خام تیل سو ڈالر سے نیچے رہنے سے پاکستان میں ایندھن کی قیمت میں کمی کی توقع ہے۔
واضح رہےکہ 31 دسمبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں کو 15 جنوری تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ۔