(عرفان ملک)معاشرے میں جعلی پیروں ، جادو ٹونے کرنیوالوں کی بھر مار ہے، جنہوں نے کئی لوگوں خصوصی طور پر خواتین اور لڑکیوں کی زندگیاں برباد کردی ہیں۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سادہ لوح خواتین کو اپنے چنگل میں پھنسا کر 50 لاکھ بٹورنے والے آن لائن عامل کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سادہ لوح خواتین کو اپنے چنگل میں پھنسا کر 50 لاکھ بٹورنے والے آن لائن عامل کو گرفتار کر لیا۔ جعلی عامل صدام حسین نے انٹرنیٹ پر اپنا بلاگ بنا رکھا تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ذرائع کے مطابق جعلی عامل آن لائن ہو کر بھولی بھالی خواتین کو میٹھی زبان کا استعمال کرکے اپنے جال میں پھنساتا تھا۔جعلی بابے اور عامل صدام حسین نے لاہورکے علاقے شالیمار کی رہائشی ایک خاتون سے پچاس لاکھ روپے ہتھیا لیے تھے خاتون نےاپنے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گوگل کی مدد سے جعلی عامل سے رابطہ کیا۔
جعلی عامل صدام حسین نے اسے جادو کا توڑ کرنے کا جھانسہ دیا اور اس سے مختلف اوقات میں لاکھوں روپے وصول کرتا رہا۔
جعلی پیر خواتین کو گھر بسانے کے غلط اور ناجائز طریقےبتا رہے ہیں اور صنف نازک اپنے ہاتھوں سے اپنانے گھر اجڑنے میں لگی ہوئی ہیں، ایسے جھوٹے پیروں کی وجہ سے معاشرے میں ایسے فسادات نے جنم لے لیا ہے کہ خواتین کو ساری عمر پچھتانا پڑتا ہے اور کبھی کبھار نوبت قتل وغارت تک پہنچ جاتی ہے۔