ویب ڈیسک: سابق کپتان شاہد آفریدی نے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں محمد حفیظ کا بیان سن رہا تھا، ان کے رویے سے واضح تھا کہ وہ جلد ریٹائرمنٹ لینے کے بجائے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مزید کھیلنا چاہتے تھے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں فرق پر بات کرتا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ بالکل ایسا ہی محمد حفیظ کے ساتھ ہوا ہے لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے معاملے کو کسی بڑے تنازع میں تبدیل نہیں کیا۔
شاہد آفریدی نے دوران گفتگو محمد حفیظ کے شاندار کرکٹ کیریئر کا بھی اعتراف کیا اور ان کے اہل خانہ سمیت والدین کو مبارکباد بھی دی۔واضح رہے کہ محمد حفیظ نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔