(سٹی 42) بھارتی تحقیقاتی ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو ( این سی بی) نے بھارتی فلموں کی اداکارہ کو لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کے ساتھ گرفتار کرلیا۔
تفصیلا ت کے مطابق بھارتی ادارے این سی بی نے منشیات سمگلنگ کی اطلاع پر ممبئی کے ہوٹل پر چھاپہ مارا جہاں اداکارہ کو منشیات سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تاہم ڈرگز سپلائر سعید فرار ہوگیا۔ اداکارہ کو 400 گرام ایم ڈی منشیات کے ساتھ پکڑا گیا ہے جس کی مالیت 8 سے 10 لاکھ بھارتی روپے ہے۔ اس موقع پر اداکارہ نے چہرہ اپنے دوپٹے سے ڈھانپ رکھا تھا تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی شناخت شویتا کماری کی نام سے ہوئی ہے جو کہ مقامی فلم نگری کی اداکارہ ہیں۔
اداکارہ کو ضمانت پر رہا کردیا گیا مگر این سی بی تحقیقات کر رہی ہیں۔یاد رہے کہ این سی بی نے بالی وڈ میں منشیات کیس میں متعدد صف اول کی اداکارائوں کو طلب کیا تھا جن میں دپیکا۔ سارہ اور دیگر شامل ہیں جبکہ کئی سپر اسٹارز بھی تحقیقات کے نرغے میں آئے ہیں۔