( بسام سلطان ) پھیپھڑوں کی سکریننگ اور علاج کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں جدید مشینیں نصب، مخیرحضرات کی جانب سے ایک کروڑ روپے کئے عطیہ سے 2 مشینیں لگائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق مخیر حضرات کی تعاون سے لاہور جنرل ہسپتال میں پھیپھڑوں کی سکریننگ اور علاج کیلئے 2 جدید مشینوں کی تنصیب کردی گئی ہے۔ جنرل ہسپتال میں پہلی بار پھیپھڑوں کی جھلی کا کیمرہ کی مدد سے معائنہ کیا جا سکے گا۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر محمد معین، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر محمد حنیف، ڈاکٹر عبدالعزیز، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر جاوید اصغر مگسی، ڈاکٹر عرفان ملک سمیت ینگ ڈاکٹرز اور نرسز بھی موجود تھیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ہسپتال کوعطیات دینے والے انسانیت کی عظیم خدمت کر رہے ہیں۔ مخیر حضرات کا یہ اقدام اُن کیلئے آخرت میں بڑے اجر کا باعث بنے گا۔ شعبہ پلمونالوجی میں جدید مشینوں کی فراہمی کسی بڑے انقلاب سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے میں تشخیصی ٹیسٹ مہنگے ہیں، ضرورتمندوں کیلئے یہ سہولت مفت ہوگی۔
ادھر سروسز ہسپتال میں تشخیصی سہولیات کے فقدان سے شہری پریشان ہیں۔ ایم آر آئی مشین نصب ہوئے چھ ماہ سے زائد کا عرصہ بیت گیا، اب تک مشین فنکشنل نہ کی جا سکی۔ مشین کو فنکشنل کرنے کے لئے انتظامیہ اب تک ٹیکنیکل سٹاف بھرتی نہ کر سکی۔
کروڑوں کی لاگت سے تعمیر ہونے والی نیو ریڈیالوجی میں ایم آر آئی، فلوروسکوپی، سی ٹی سکین مشین اپریل میں نصب کی گئیں۔ مشین کو استعمال کرنے کے لئے بی ایس سی ٹیکنالوجسٹ بھرتی نہ کئے جا سکے۔ ٹیکنالوجسٹ اور ریڈیالوجسٹ کی بھرتیاں نہ ہونے سے مریض ایم آر آئی کے مہنگے اور اہم ترین ٹیسٹ سے محروم ہیں۔