چوہوں،مکھیوں کی بھرمار، معروف بیکری اور ریسٹورنٹ سیل

4 Jan, 2021 | 06:24 PM

Arslan Sheikh

( عثمان علیم ) صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، کھلے رنگوں کے استعمال پر راوی ٹاؤن میں بابا عنایت سویٹس اور فتح گڑھ میں پاک شیریں سویٹس اینڈ بیکرز پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ قوانین کی خلاف ورزی پر تین سویٹس اینڈ بیکرز، معروف ریسٹورنٹ اور ناشتہ پوائنٹ کو سیل کر دیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ کا کہنا ہے کہ کھلے رنگوں کے استعمال پر راوی ٹاؤن میں بابا عنایت سویٹس اور فتح گڑھ میں پاک شیریں سویٹس اینڈ بیکرز پروڈکشن یونٹ کو سیل کیا گیا۔

سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی پر بادامی باغ میں شفقت سویٹس اور تقوی سویٹس یونٹ کو سربمہر کیا گیا۔ جہاں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، چوہوں، چھپکلیوں، مکھیوں کی بھرمار پائی گئی۔ زائد المیعاد اشیاء کی موجودگی پر جوہر ٹاؤن میں نوو ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا، جہاں کھلے ملاوٹی مصالحہ جات کے استعمال، کھلے کوڑا دان اور صفائی کے ناقص انتظاما ت پائے گئے۔

اشیاء خورونوش کو زمین پر رکھنے پر فیصل ٹاؤن میں ناشتہ پوائنٹ کو سیل کیا گیا، کچن میں کپڑے دھونے، سگریٹ نوشی کرنے اور ورکرز کی صفائی نہ ہونے پر ناشتہ پوائنٹ کو سیل کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا ہے خوراک کا کاروبار کرنیوالوں کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین عمل درآمد انتہائی لازم ہے، خوراک کے معیار پر کو ئی سمجھوتہ نہیں، ناقص انتظامات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

مزیدخبریں