ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہباز شریف کا عدالت سے شکوہ

شہباز شریف کا عدالت سے شکوہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شاہین عتیق ) احتساب عدالت میں شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت، عدالت میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو پیش کیا گیا، ملزمان کے وکیل کی عدم پیشی پر سماعت ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے 6 جنوری کو گواہوں کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ 

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن کے روبرو شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا۔ شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ اِن کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں جبکہ اُن کی اپنی طبیعت ٹھیک نہیں، اس لیے کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ صرف گواہوں کا بیان ریکارڈ کرنا ہے، جو جونیئر وکیل کے سامنے بھی ہو سکتا ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ یہ اُن کا قانونی حق ہے کہ ان کے وکیل بیان ریکارڈ کرتے وقت موجود ہوں۔ شہباز شریف نے شکوہ کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ان کے پاس میڈیکل بورڈ نہیں آیا۔ عدالت نے بتایا کہ اس حوالے سے حکم جاری کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے صوبائی وزیر سبطین خان کیخلاف ریفرنس کا حوالہ دیا کہ اس کا نوٹس انہوں نے لیا اور نیب کو بھجوایا، اس وقت نیب نے کہا کہ کیس نہیں بنتا، اب 13 سال بعد ریفرنس دائرکردیا۔

عدالت نے شہباز شریف کی سماعت ملتوی کرنے درخواست منظور کرتے ہوئے ریکارڈ سمیت گواہوں کو 6 جنوری کو دوبارہ طلب کر لیا۔

پیشی کے موقع پر احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور امیر مقام سمیت دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے جبکہ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔