سٹی 42: تعلیمی ادارے کھلیں گےیانہیں ?وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت آج ہونے والے صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں فیصلہ ہوگا۔ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 25جنوری سےمرحلہ وارکھولے جانے کی تجویز ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔اجلاس میں تعلیمی ادارے کھلنے سے متعلق سفارشات کا جائزہ لیا جائیگا۔تاہم تعلیمی ادارےکھولنےکافیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیادپرکیاجائےگا۔اجلاس میں 25 جنوری سے پرائمری اور 4 فروری سے مڈل سکولز کھولنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ بورڈز کے امتحانات مئی کے آخر یا جون کے شروع میں کرانے کی تجویز پر بھی بات ہوگی۔ وزارت تعلیم کے مطابق کورونا کی صورتحال دیکھنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر سکول کھولنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے،’’ انکل وزیرتعلیم سکول کھولیں ‘‘ کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔مختلف ٹوئٹر صارفین اس پر رائے کا اظہار کررہے ہیں۔ساتھ ساتھ شفقت محمود کا نام بھی ٹاپ ٹرینڈ پر ہے۔
ایک صارف لکھتے ہیں برائے مہربانی ٹھیک فیصلے کریں اور سکول کھولیں۔
ایک اور صارف لکھتے ہیں کہ جب ملک میں تمام سر گرمیاں جاری ہیں تو تعلیمی ادارے کیوں بند ہیں۔
یاد رہے ملک میں کورونا وائرس سےاموات کا سلسلہ نہ رک سکا،24گھنٹوں میں مزید 39 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک 68 لاکھ 49 ہزار 867 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 139 نئے ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 895 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔