میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی رپورٹس کو پرانا قرار دیدیا

4 Jan, 2020 | 07:59 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری ) سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کو غیرمستند اور پرانی قرار دیتے ہوئے سرکاری میڈیکل بورڈ نے رائے دینے سے انکار کردیا۔ محکمہ داخلہ کو سابق وزیر اعظم کی صحت سے متعلق رائے کیلئے تازہ ترین مصدقہ رپورٹس لندن سے منگوانے کی استدعا کردی گئی۔     

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف جو ان دنوں علاج کیلئے لندن میں مقیم ہیں ان کے علاج کیلئے بیرون ملک قیام کو توسیع دینے کی غرض سے پنجاب حکومت نے سرکاری میڈیکل بورڈ سے رائے طلب کی تھی۔ نواز شریف کی لندن سے موصول ہونے والی میڈیکل رپورٹس کی کاپی سرکاری میڈیکل بورڈ کو بھجوائی گئی تھی اور نواز شریف کی طبیعت سے متعلق رائے طلب کی گئی تھی تاکہ بیرون ملک قیام بڑھانے کی اجازت دینے کا فیصلہ ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی موصول ہونے والی میڈیکل رپورٹس کو غیر مصدقہ اور پرانی ہونے کی بنیاد پر محکمہ داخلہ کو واپس کر دیا گیا ہے۔ سرکاری میڈیکل بورڈ نے موقف اختیار کیا ہے کہ میاں نواز شریف کی میڈیکل ایڈوائس کیلئے جنوری تک کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس لندن سے منگوائی جائیں۔

میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ ان رپورٹس کے مصدقہ ہونے کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ بورڈ نے رائے دینے کیلئے اصل میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔

مزیدخبریں