( عرفان ملک ) وزیراعظم عمران خان کے بھانجے شیر شاہ خان کے گھر ڈکیتی، تین ڈاکو نقدی، زیورات اور پستول لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا تاہم ملزمان گرفتار نہ ہو سکے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی تعریف کرتے ہوئے کہ تھا کہ آئی جی نے ڈاکوؤں، چوروں سمیت بدمعاشوں کو نکیل ڈال دی ہے اور آج ہی وزیر اعظم کے بھانجے کا گھر لوٹ لیا گیا۔
اپرمال کےعلاقے میں صبح سویرے تین نقاب پوش ڈاکو وزیراعظم کے بھانجے شیر شاہ خان کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مارشروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تین ڈاکوؤں نے گھر سے نقدی، زیوارات اورایک عدد پستول لوٹا اور فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق تینوں ڈاکوؤں نے چہروں پر نقاب کیا ہوا تھا۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید اور ڈی آئی جی آپریشن رائے بابر سعید نے موقف دینے سے گریز کیا ہے۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ شیر شاہ خان کی مدعیت میں درج کر لیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔