(سعود بٹ) امریکہ میں تعینات سابق پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، انکوائری مکمل، انویسٹی گیشن میں تبدیلی کیلئے کیس چیئرمین نیب کو بھجوانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے علی جہانگیر صدیقی کے خلاف زیر تفتیش کیس کی انکوائری مکمل کرلی، ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ نیب لاہور کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی کے خلاف جاری انکوائری، انویسٹی گیشن میں منتقل کی جائے گی۔ اس سلسلے میں علی جہانگیر صدیق کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری کے لئے جلد چئیرمین کو کیس بھجوایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق امریکی سفیر کے انویسٹی گیشن میں بھی عدم تعاون کی صورت میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاسکتے ہیں، علی جہانگیر صدیقی پر آشیانہ اقبال کیس میں گرفتار فواد حسن فواد سے مل کر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔
نیب لاہور کے پاس علی جہانگیر صدیق کے فواد حسن فواد اور ان کے اہل خانہ سے کاروباری شراکت کے شواہد موجود ہیں، نیب لاہور کی جانب سے متعدد بار طلب کرنے کے باوجود علی جہانگیر صدیق 2 بار تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے۔
واضح رہے علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے سفیر تعینات ہونے سے قبل فواد حسن فواد کے اکاؤنٹ میں 15 کروڑ منتقل کیے۔