(علی ساہی) پنجاب پولیس میں کالی بھیڑوں کے خاتمے، انسپکشن کے نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے خود احتسابی برانچ قائم کردی گئی۔ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے خوداحتسابی برانچ کے ایس او پیز بھی جاری کردیئے۔
سٹی 42 کے مطابق آئی جی پنجاب امجد جاویدسلیمی نے تمام یونٹس، تھانوں، ریکارڈ کی انسپکشن اور شہریوں کی پولیس کے خلاف شکایات کے ازالے کیلئے"خود احتسابی برانچ" قائم کردی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سٹینڈنگ آرڈر کے ذریعےایس اوپیز بھی جاری کر دیئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی رینک کا افسر خود احتسابی برانچ کی سربراہی میں ہوگا۔ ایک ڈی آئی جی، 3 اے آئی جیز اور صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر بھی شامل ہوں گے۔ آئی جی پنجاب نے تعیناتی کے بعد پولیس میں خود احتسابی کاعمل یقینی بنانے کے لیے اعلان کیا تھا۔
محکمے میں کالی بھیڑوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لیے خود احتسابی کاعمل صوبہ بھرمیں شروع کردیا گیاہے۔ برانچ پولیس کی سروس ڈلیوری اور معاشرے میں محکمے کی امیج بلڈنگ کا کام بھی کرے گی۔ غلط شکایات پر افسران کو تحفظ بھی دیا جائے گا۔ خود احتسابی برانچ میں کانسٹیبل سے لے کر ڈی آئی جی تک کے افسران کے خلاف ملنے والی شکایات پر کارروائی ہوگی۔
ڈسپلن اینڈ انسپکشن برانچ کو خود احتسابی برانچ میں ضم کر دیا گیا۔ انسپکشن کے لیے تمام یونٹس، متعلقہ برانچز اور تھانے ریکارڈ فراہم کرنے کے پابند ہونگے جبکہ شہریوں کی پولیس کے خلاف شکایات پر فوری عملدرآمد کے لیے ہر ضلع میں افسران بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔