(سٹی 42) لاہور میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، لیسکو کے 276 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جس سے لاہور شہر کے کئی علاقےبتی سے محروم ہوگئے۔
فیڈرز ٹرپ کرنے سے تیسرے روز بھی لیسکو کا بجلی کی ترسیلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ شہر میں 12 گھنٹے جبکہ مضافاتی علاقوں میں غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ18 گھنٹے تک جا پہنچا۔ ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی کی بندش نے نظام زندگی مفلوج کردیا ۔ گھریلو معمولات زندگی بھی شدید متاثر ہونے لگے۔شہریوں کو دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دو روز سے جاری بجلی لوڈشیڈنگ سے صنعتوں کا پہیہ رُک گیا۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کا شارٹ فال 800 میگاواٹ تک پہنچ گیا جبکہ ڈیمانڈ 2350 میگاواٹ تک ریکارڈ کی گئی۔بجلی قلت کی وجہ سے لیسکو کنٹرول روم کے افسران و ملازمین کو لوڈمینجمنٹ میں مشکلات درپیش آرہی ہیں۔لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لیسکو کے بند فیڈرز کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ شارٹ فال کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز ٹرانسمیشن لائنز کی ٹرپنگ کی وجہ سے گدو پاور پلانٹ اور بلوکی پاور پلانٹ سے بجلی کی پیدوار بند ہو گئی تھی، پیداوار میں کمی کی وجہ سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بجلی کے کوٹہ میں ایک ہزار میگاواٹ کمی کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جو سسٹم ٹھیک ہونے تک جاری رہے گا۔