سعدیہ خان: لاہور چڑیا گھر میں سفید ٹائیگر کے بچے ہلاک ہوگئے، دونوں بچوں کو ماں سے الگ انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بگ کیٹس کے بچوں کی افزائش چڑیا گھر انتظامیہ کیلئے درد سر بن گئی۔ سفید ٹائیگر کے ہاں تین ماہ قبل پیدا ہونے والے بچے ہلاک ہوگئے ہیں، سفید ٹائیگر نے تین بچوں کو جنم دیا تھا ایک بچہ پیدائش کے وقت ہلاک ہوگیا تھا جبکہ دونوں بچے صحت مند تھے ان کو دودھ کے ساتھ ساتھ گورشت خوری بھی شروع کروائی گئی تھی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر چڑیا گھر کرن سلیم کے مطابق پیدائش کے بعد ماں بچوں کو تسلیم نہیں کرتی، جس کی وجہ سے ان کو علیحدہ رکھا جاتا ہے دونوں بچوں نے بیمار ہونے کی وجہ سے خوراک لینا بند کردیا تھا۔ طبی امداد فراہم کی گئی مگر جانبر نہ ہوسکے۔
چڑیا گھر میں گزشتہ کئی سالوں سے بگ کیٹس کے بچوں کی افزائش نہیں ہوپارہی جس کی بڑی وجہ ان کے والدین میں جنیٹک بیماریاں اور ناسازگار ماحول ہے۔ یاد رہے گزشتہ سال سفید شیر کے چار بچے بھی وائرل انفیکشن سے ہلاک ہوگے تھے۔