(سعید احمد سعید) ریلوے حکام نے حادثات کی انکوائریاں کرنے سے آنکھیں بند کر لیں، سو سے زائد انکوائریاں مکمل نہ ہونے پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے التواء کا شکار انکوائریوں کو 10روز میں مکمل کرکے جمع کروانے کا حکم
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے التواء کا شکار انکوائریوں کو 10روز میں مکمل کرکے جمع کروانے کا حکم دے دیا، اس سلسلے میں ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے تمام ڈویژنوں کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا، مراسلے کے مطابق 112حادثات کی انکوائریاں تاحال مکمل نہیں کی جا سکیں۔
یہ 112 حادثات 2017 سے جنوری2020 کے عرصے کے دوران ہوئے اور متعلقہ ڈویژنوں کی جانب سے حادثات کی انکوائریاں مکمل نہیں کی گئی۔جس پر وزیر ریلوے نے احکامات انکوائریاں 10روز میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ذرائع کے مطابق سکھر ڈویژن کی 33، کراچی ڈویژن کے 28 حادثات کی انکوائریاں التواء کا شکار ہیں جبکہ لاہور ڈویژن میں 19حادثات اور ملتان ڈویژن کے 18حادثات، راولپنڈی میں 9، پشاور میں3 اور کوئٹہ ڈویژن کے 2حادثات کی انکوائریاں التواء کا شکار رہیں۔ التواء کا شکار انکوائریوں میں جناح ایکسپریس، ملت ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، رحمان بابا، شالیمار ایکسپریس، جعفر ایکسپریس سمیت مال گاڑیوں کے حادثات کی انکوائریاں شامل ہیں۔