وزیر تعلیم کے نئے سکول کھولنے کے دعوعے دھرے کے دھرے

4 Feb, 2020 | 05:06 PM

Arslan Sheikh

( جنید ریاض ) لاہور کے مختلف علاقوں میں کرایہ کے بلڈنگ میں 100 نئے سکول کھولنے کا منصوبہ ٹھپ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور سکول کھولنے کیلئے کرایہ کی بلڈنگ ہی تلاش نہ کرسکی، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس سو نئے سکولوں کا آغاز تعلیمی سال 2020 سے شروع کیے جانے کا دعوی کر رکھا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے لاہور کے مختلف علاقوں میں جہاں سرکاری سکول کی سہولت دستیاب نہیں وہاں کرایہ کی عمارتوں میں 100 نئے سکول بنانے کا دعوی کیا تھا۔ مذکورہ سکولوں میں یکم اپریل سے داخلوں کا آغاز کیا جانا تھا، لیکن تاحال ابھی تک ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سکولوں کیلئے کرایہ کی عمارتیں ہی تلاش نہیں کرسکی جس کے باعث منصوبہ التواء کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جلو، بند روڈ، کینٹ، بابوصابو، واہگہ ہنجر وال، آمنہ پارک، احباب کالونی کے علاقوں میں سو سکول قائم کیے جانے ہیں۔ دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ سکولوں کا قیام وقت پر کیا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ کرایہ کی عمارتوں میں سکول کھولنے کے حوالے سے مکمل رپورٹ مرتب کی جارہی ہے جسے صوبائی وزیر تعلیم کو جلد پیش کریں گے۔

مزیدخبریں