(حسن علی) شہر میں بڑھتے ہوئے سلنڈر دھماکوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کا بڑا اقدام، ہوٹل، ریسٹورنٹ، تندور، شادی ہال، ہسپتال، ویلڈنگ دکانوں اور لکڑی کے ٹال کے ساتھ ایل پی جی دکان کھولنے پر پابندی لگا دی، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے ضلعی حکومت کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔
ضلعی انتظامیہ نے سلنڈر دھماکوں کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر شہر میں ناقص ایل پی جی سلنڈرز کی فروخت اور منتقلی کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لئے 17 نکات پر مشتمل ایس او پی جاری کر دیا ہے جس کے تحت ہوٹل، ریسٹورنٹ، تندور، کالج، شادی ہال، ہسپتال، ویلڈنگ دکانوں اور لکڑی کے ٹال کے ساتھ ایل پی جی دکان کھولنے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ شہر کی 13 سو ایل پی جی دکانوں میں سے فائرسیفٹی ٹریننگ کا حصہ نہ بننے والی 900 دکانوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ایس او پیز پرعملدرآمد نہ کرنے والی ایل پی جی دکانوں کو بھی سیل کیا جائیگا جبکہ ایل پی جی کی نئی دکانیں اے سی ہیڈ کواٹر کی اجازت کے بغیر نہیں کھولی جا سکیں گی۔
ڈی سی لاہور کی جانب سے ایل پی جی کی فروخت کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پی کو ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے سراہا۔