( ملک اشرف ) چیف جسٹس پاکستان بننے کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پہلی بار لاہور رجسٹری میں معمول کے کیسز کی سماعت کی، عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ سمیت لاہور رجسٹری میں تین مختلف دور کنی بنچز نے فوجداری اور دیوانی کیسز کی سماعت کی، بنچ نمبر ایک میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس منظور احمد ملک شامل تھے۔ جنہوں نے کورٹ نمبر ایک میں کیسز کی سماعت کی، بنچ نمبر دو میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس سید منصور علی شاہ شامل تھے جبکہ بنچ نمبر تین جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تھا۔ جس نے کھوکھر برادران کے قبضے سے متعلق لیے گئے ازخود نوٹس کیس پرسماعت کی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ جی پی او چوک سے اے جی آفس کو جانے والی سٹرک بیریئرز لگا کرعام ٹریفک کے لیے بند کردی گئی تھی۔ لاہور رجسٹری کے باہر چند خواتین دادرسی کیلئے آئیں اور معاملے پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتی رہیں۔