وزیر اعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر میکرون سے ملاقات

4 Dec, 2024 | 12:28 AM

Waseem Azmet

  سٹی42: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ون واٹر سمت کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور  فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی ملاقات ہوئی ہے۔ ریاض میں ہو رہی ون واٹر سمٹ کے شریک میزبان فرانس کے صدر میکرون ہیں۔

اس اہم سمٹ کی سائیڈ لائن پر ملاقات کے دوران وزیراعظم  شہباز نے ون واٹر سمٹ کے کامیاب  انعقاد پر مشترکہ میزبان صدر میکرون کو مبارکباد دی۔  شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی اور  ترقی کے چیلنجز  پر فرانس کے قائدانہ کردار کو  خراج تحسین پیش کیا۔  وزیراعظم  شہباز نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد صدر میکرون کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور حمایت کو  بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 انہوں نے پاکستان فرانس تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

  وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بالخصوص موسمیاتی موافقت اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کے مواقع سے استفادہ حاصل کرنے کی دعوت دی۔  دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے روابط کو مزید فروغ دینے کی مشترکہ خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

مزیدخبریں