وقاص عظیم : پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے موقف کی تائید کی ہے۔ بین الاقوامی برادری فلسطین میں مستقل سیز فائر کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بات پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے ترکیہ میں اسلامی کانفرنس تنظیم کے بین الوزارتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
گوہر اعجاز نے ترکیہ میں او آئی سی بین الوزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عالمی برادری انسانیت کے خلاف سب سے بڑے مظالم کو دیکھ رہی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے موقف کی تائید کی ہے۔ بین الاقوامی برادری فلسطین میں مستقل سیز فائر کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان او آئی سی ممالک کے ساتھ مضبوط معاشی تعلقات کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک ، مشرق وسطی اور سعودی عرب کے لیے تجارتی گیٹ وے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مڈل ایسٹ ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان نے نیشنل الیکٹرانک کامرس پالیسی پر عملدرآمد شروع کردیا ہے، او آئی سی ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔