شعیب مختار: ایم کیو ایم نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مذاکرات میں اپنی شکایات دور نہ ہونے کے بعد کراچی اور اندرون سندھ کی حلقہ بندیوں پر اپنے اعتراضات کو لے کر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر س راجہ سکندر سلطان نے آج پیر کے روز ایم کیو ایم کے ذمہ داروں کو اپنے تحفظات پر بات چیت کرنے کے لئے اسلام آباد بلایا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں ان کے مسائل حل نہیں ہوئے، ایم کیو ایم نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر جلد سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرے گی۔
ایم کیو ایم نے چیف الیکشن کمشنر سے ہونے والی ملاقات میں کراچی اور اندرون سندھ میں کی گئی حلقہ بندیوں سے متعلق متعدد اعتراضات اٹھائے تھے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے کیماڑی ،ملیر اور کورنگی میں کی گئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کو حیدرآباد ،سکھر ،نواب شاہ اور میرپور خاص میں ہونے والی حلقہ بندیوں پربھی اعتراضات ہیں
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے ایم کیو ایم کےتحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی لیکن اس کے باوجود ایم کیو ایم کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ہم عدالت جائیں گے۔