اسرار خان : شہر لاہور میں وارداتوں کا سلسلہ بدستور جاری ، لوئر مال کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو دو راہ گیر خواتین کو ان کے گھر کے قریب لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واردات 2 دسمبر کی شام 5 بجے شہری خورشید احمد کی اہلیہ اور بھابھی کے ساتھ کمال گنج عمر سٹریٹ میں ہوئی۔ سٹی 42 نے واردات میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی حاصل کر لی، جس میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نظر آتے ہیں، دونوں ملزمان نے کیپ پہن رکھی ہیں اور انہیں موٹر سائیکل گھما کر گلی سے باہر نکلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
لوئر مال پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان اسلحہ کی نوک پر خواتین سے ایک لاکھ 65 ہزار روپے نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔