سٹی42: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے میں کامیاب ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان نیوزی لینڈ ویمنز کو پاکستان ویمنز نے 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر128 رنزکا ہدف دیا، پاکستان ویمنز نے ہدف کو 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میڈی گرین نے 5 چوکوں کی مدد سے 43 رنز سکور کیے اور سوزی بیٹس نے 28 رنز کی عمدہ اننگز کھلی جبکہ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر فاطمہ ثناء نے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں لین اور بعد ازاں پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
نیوزی لینڈ کے 128 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنر شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے 40 رنز کی پارٹنر شپ سے اچھا آغاز دیا، شوال ذوالفقار نے 41 رنز کی اننگز کھیل کر تاریخی جیت میں اہم کردار ادا کیا، منیبہ علی نے 23 اور ندا ڈار نے 23 رنز سکور کیے جبکہ عالیہ ریاض نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 12 گیندوں پر 25 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی تاریخ ساز فتح کو ممکن بنایا، نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی05 دسمبر کومنگل کے روز اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔