(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سنجیدہ ہیں تو حکومتی اتحاد مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر یہ کسی شرط کے بغیر ہوں گے۔
ماڈل ٹاؤن میں لیگی رہنماؤں کے اہم اجلاس میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کی خواہش پوری کرلیں، جہاں اسمبلی توڑیں گے وہاں الیکشن ہوجائیں گے، عمران خان سنجیدہ ہیں تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں، چاہتے ہیں معاملہ بگڑنے کے بجائے بہتری کی طرف آئے، مذاکرات کسی پیشگی صورت کے بغیر ہوں گے، مل کر مسائل حل کرنے کا نام ہی سیاست ہے، ملکی مستقبل کے فیصلے سیاستدانوں کو ہی کرنے ہیں اور سارے کام آئین و قانون کے مطابق ہونگے۔
وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کب ہونا ہے اس سے متعلق واضح ہوجائے گا، ہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، سب کو ملکر ملک کا سوچنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اسمبلی تحلیل اور مذاکرات کے معاملے پر عمران خان کی پیش کش کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے بھی مشاورت کریں گے اور حتمی مشاورت کے بعد عمران خان کی پیش کش پر پالیسی بیان جاری کیا جائے گا۔