فلمی سین یا حقیقت، پولیس اہلکار کا ملزم کیساتھ انسانیت سوز سلوک

4 Dec, 2021 | 06:16 PM

Arslan Sheikh

ویب ڈیسک: پاکستان یا بھارت میں بھی ایسے مناظرسرعام دیکھنے میں نہیں آتے۔۔۔ بظاہر یہ کوئی فلمی سین لگتا ہے لیکن یہ بالکل حقیقت ہے، برازیل کے دارالحکومت ساؤپالو میں پولیس آفیسر منشیات فروش کو ہتھکڑی سمیت موٹرسائیکل سے باندھ کر گھسیٹتا رہا۔ راہگیر قہقہے لگاتے رہے ۔  آزادی اظہار کے اداروں  نے انسانیت کی توہین قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق ساؤپالو میں ملٹری پولیس نے ایک 18سالہ منشیا ت فروش کو گرفتار کیاتھا، تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کی بجائے ہتھکڑی لگا کر ہتھکڑی کا دوسرا سرا موٹرسائیکل سے باندھا۔ پولیس افسر خود موٹرسائیکل چلاتا رہا جبکہ ملزم ساتھ پیدل دوڑتا رہا۔ تماشائیوں کے قہقہوں کی پسں منظر سے آتی ہوئی آوازیں بتاتی ہیں کہ لوگ اس واقعہ کی مذمت کرنے کی بجائے اس سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ 

یاد رہے یہ گرفتاری ملٹری پولیس کے انسداد منشیات آپریشن '' اسٹیل ہارس'' کے دوران عمل میں آئی اور 18 سالہ لڑکے کے بیگ سے ایک ناکے پر تلاشی کے دوران چرس برآمد ہوئی تھی۔ تاہم ملزم وہاں سے فرار ہوگیا اور پولیس نے بعد میں اسے گرفتار کیا۔
انسانی حقوق کے اداروں نے اسے انسانیت کی تذلیل اور غلامی کی یادگارواقعہ قرار دیا ہے اور پولیس افسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پولیس کا موقف ہے کہ ملک میں قائم محتسب اعلی کا ادارہ انکوائری کے بعد ذمہ داری کا تعین کرے۔

مزیدخبریں