اسد عمر نے مہنگائی سے پریشان عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

4 Dec, 2021 | 03:16 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام کو آئندہ 15 روز میں مہنگائی سے چھٹکارا ملنے کی خوشخبری سنادی۔

وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ آئندہ 15 روز میں مہنگائی سے چھٹکارا مل جائے گا ، جس کے لیے ہم نے خلوص نیت سے کام کرنا ہے کیونکہ انسان نیک نیتی سے محنت کرتا ہے اللہ پھل دیتا ہے، صوبہ پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم آئندہ سال مارچ تک ہوجائے گی جبکہ راشن کارڈ بھی دیئے جارہے ہیں جن سے عوام کو 100روپے کی چیز 65 روپے میں ملے گی ، 100میں سے 65 عوام دیں گے اور 35 روپے حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 2020میں تاریخیں دینا شروع کیں تاریخیں دیتے دیتے پی ڈی ایم ہی ختم ہوگئی ، چمن جلسے کے بعد پی ڈی ایم کو مشورہ دیا تھا، پہلے بھی فضل الرحمان اسلام آباد سب کو بھیج کر پیچھے سے غائب ہوگئے تھے۔ 

دوسری طرف اکنامک ایڈوائزری کونسل کے رکن اور معروف ماہر معیشت عابد سلہری کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث معاشی چیلنجز درپیش ہیں، مہنگائی مزید 6 ماہ تک برقرار رہے گی، تاہم چیزوں کی قیمتیں بڑھنے سے اپر کلاس طبقہ زیادہ متاثر نہیں ہوگا ، آئی ایم ایف سے 10 سے 15 سال کے عرصے کیلئے قرض لیا جاتا ہے، جب کہ کوئی بھی حکومت اپنی خوشی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتی ، چینی کی قیمتوں کے حوالے سے عابد سلہری کا کہنا ہے کہ چینی مافیا اب بھی موجود ہے تاہم حکومتی اقدامات سے چینی کی قیمت میں واضح کمی آ چکی ہے ۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے معیشت کی سمت بالکل درست ہے ، پاکستانی معیشت کی بہتری کیلئے تمام چیزیں درست سمت میں جار ہی ہیں ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، گزشتہ سال کی نسبت ریونیو میں36 فیصد اضافہ ہوا، حکومت مہنگائی کے اثرات کم کرنے کیلئے اشیائے ضروریہ پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔

مزیدخبریں