علی ساہی: آئی جی پنجاب شعیب دستگیرکا قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں پولیس دربار سے خطاب، انہوں نے کہا ہے کہ کانسٹیبلز پولیس کا پچاسی فیصد ہیں اسلئے عوام میں پولیس کا امیج بہتر بنانے میں اچھا کردار ادا کریں۔
آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اس موقع پر سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید، ڈی آئی جی آپریشنزرائے بابرسمیت دیگرافسران موجودتھے۔ اس موقع پر دربار سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں سربراہ کی حیثیت سے ہراہلکار کی ویلفئیرکا ذمہ دار ہوں لیکن عوام کے ساتھ ناروارویہ رکھنے والوں کےلیے انکی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں۔
کانسٹیبلزعوام کے ساتھ پیار سے پیش آئیں اور کرائم کنٹرول کرنے کے لیے تمام توانائیاں استعمال کریں، آئی جی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہورسمیت پنجاب بھرمیں تعیناتیاں میرٹ پر ہوں گی۔ جو اچھا کام کرے گا وہ رہے گا جو کام نہیں کرے گا وہ سدھر جائے گا یا پھر فورس کا حصہ نہیں رہے گا۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دفتروں سے نکل کر فیلڈ میں اپنے ماتحت اہلکاروں کی کارکردگی پر نظر رکھیں، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو سائلین کے لئے دروازے کھلے رکھنے کی بھی ہدایات کی گئیں۔
آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی اوقات کےحوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے علاوہ کسی شہر کے پولیس اہلکار پندرہ سولہ گھنٹوں کی ڈیوٹی نہیں کرتے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ فری ایف آئی آر رجسٹریشن میں پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کی فضا پیدا ہوتی ہے اس لیے عوام بھی جھوٹے مقدمے درج کروانے سے اجتناب کریں۔