بارشوں سے گھر گر گئے، نہریں ٹوٹ گئیں، دس افراد جاں بحق 

4 Aug, 2024 | 07:51 PM

سٹی42:    بارشوں نے ملک کےکئی حصوں میں تباہی مچادی ، بارش سے متعلق حادثات میں 10 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے کئی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

 سندھ میں  حیدرآباد، خیرپور، نواب شاہ، سیہون اور دادو ساور کئی دیگر شہروں میں بارشیں ہوئیں۔ برساتی ریلے نشیبی آبادیوں میں داخل ہوگئے،فصلوں کو شدید نقصان پہنچا،کئی نہروں کے بند ٹوٹ گئے جس کے باعث متعدد دیہات زیر آب آگئے۔

دادو میں 50 سے زائد دیہات کا دوسرے علاقوں سے  زمینی رابطہ منقطع  ہوگیا، لوگ مال مویشی کے ساتھ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔کھجور، کپاس اور دیگر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

ٹنڈو آدم  میں روہڑی کینال میں 150 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے کئی دیہات زیرِ آب آگئے، مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

بلوچستان کے ضلع قلات کے پہاڑی علاقوں سے آنے والے برساتی ریلےکا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، نصیر آباد کے بیشتر نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے، سیلابی ریلا منچھر جھیل میں داخل ہوگیا۔

لاہور کے مضافاتی علاقہ  شاہدرہ میں بارش کا پانی انڈر پاس میں جمع ہوگیا، شاہدرہ کی سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے، پانی گھروں  اور  دکانوں میں داخل ہوگیا۔

پنجاب کے شہروں جہلم، میانوالی، گجرات، سیالکوٹ، رحیم یار خان اور حافظ آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش  کے باعث نشیبی علاقے زیرِآب آگئے، پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل ہوگیا۔

عیسیٰ خیل کے پہاڑی علاقوں میں تیز بارش کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی ہے، پشتہ بہہ جانے سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔

خیبر پختونخوا میں لوئر دیر، باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات سمیت مختلف علاقوں بارشیں ہوئیں۔

 ٹانک میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی ، گھر مین موجود دو افراد جاں بحق اور  تین زخمی ہوگئے۔ کرک میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 آزادکشمیر میں مظفر آباد، نیلم، حویلی، باغ اور سدھنوتی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں