(ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو استحکام اور امن و بھائی چارے کی ضرورت ہے۔
راولپنڈی میں ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ پندرہ ماہ میں یہی کوشش کی کہ ملک کو مشکلات سے نکالا جائے کیونکہ پاکستان کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس اگر اپنا پٹرول اور گیس ہوتی تو عوام کو سستا فراہم کرتے، ملک میں تیل ہے نہ گیس لیکن پاکستان میں زرخیز زمین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو 15 ماہ میں دعاؤں کی بدولت ڈیفالٹ سے بچالیا، میں سیاسی تقریر کرنے یا الزام تراشی نہیں کرنے آیا، ہمیں پاکستان کی حالت بدلنی ہے، قرض سے نجات حاصل کرنی ہے تو محنت کرنا ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم میں یکسوئی ہوگی تو ملک کو ترقی نصیب ہوگی، قرض لینا افیون کی طرح بڑی بیماری ہے، ہمیں کشکول توڑنا ہوگا۔