واٹس ایپ کا نیا دلچسپ فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ

4 Aug, 2023 | 06:28 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک : میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سیکیورٹی کے لیے متعدد اقدامات اٹھائےہیں۔ ان اضافی سیکیورٹی کے اقدامات میں دو جہتی تصدیقی عمل اور گوگل ڈرائیو بیک اپ کا اِنکرِپٹ ہونا شامل ہے۔

میٹا کی ذیلی کمپنی کی جانب سے کچھ ہی دن قبل صارفین کو ہیکرز سے بچانے کے لیے اکاؤنٹ پروٹیکٹ اور ڈیوائس ویری فکیشن متعارف کرائی گئی ہے تاکہ صارفین کے اکاؤنٹ کو ہیکرز سے بچایا جاسکے۔

صارفین کی سیکیورٹی کو مزید بڑھانے کے لیے واٹس ایپ کی جانب سے اب اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے ای میل ایڈریس شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فی الحال واٹس ایپ اکاؤنٹ سے صارف کا فون نمبر جڑا ہوتا ہے۔ نمبر بند ہونے کی صورت میں صارف اپنے اکاؤنٹ سے ہاتھ دھو سکتا ہے۔ اس مشکل سے بچانے کے لیے میسجنگ سروس ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے جس کے تحت اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے ای میل ایڈریس استعمال کیا جاسکے گا۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر اختیاری ہوگا اور چوں کہ یہ ابھی زیرِ تکمیل ہے، اس کی ریلیز اور کام کرنے کے طریقے متعلق محدود معلومات ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے ای میل ویری فکیشن فیچر فی الحال واٹس ایپ بِیٹا صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ تاہم، عام صارفین کے لیے فیچر کے متعارف کرائے جانے کی کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں