ویب ڈیسک : شوق کا کوئی مول نہیں اور تعلیم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی اور یہ بات سعودی عرب کی ایک 110 سالہ دادی نے سچ ثابت کردی۔
سعودی میڈیا کے مطابق البیشہ گورنری سے تعلق رکھنے والی خالہ نوضاء القحطانی کی عمر 110 سال ہے نے اپنی ادھوری تعلیم کو مکمل کرنے کے لیے تعلیم بالغان کے اسکول میں داخلہ لے لیا۔خالہ نوضاء القحطانی کا کہنا ہے کہ جلد شادی ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑنا پڑی تھی۔ پھر بچے ہوئے، ان کی ذمہ داریاں نبھاتے نبھاتے ایک عمر لگ گئی لیکن ہر وقت تعلیم مکمل نہ کرپانے کا ملال رہتا تھا۔
110 سالہ دادی نے کہا کہ میں اس موقع کی تلاش میں تھی کہ کب مجھے اس عمر میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔ حکومت نے تعلیم بالغان کا سلسلہ شروع کیا تو جیسے میرے من کی مراد بر آئی۔
خالہ نوضاء القحطانی اب اسکول میں دنیاوی تعلیم ہی نہیں بلکہ دینی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں اور وہ بے حد خوش ہیں کہ انھیں اس عمر میں سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔
ان کے اہل خانہ نے بھی اس پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اسکول بھی منتظمین خالہ نوضاء القحطانی کی کارکردگی سے کافی متاثر ہیں۔