(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست پر سیکرٹری قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل فرید چوہدری کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر درخواست پر عائد تمام اعترضات دور کر لیے گئے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری 123 افراد کے استعفوں کو منظور کر چکے اور اب دوبارہ مرحلہ وار منظوری خلاف قانون ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ سیکرٹری قومی اسمبلی کا مجاز نمائندہ متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ آئندہ سماعت پر پیش ہو۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفیٰ مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست میں حکم امتناع کی درخواست بھی ہوئی، جس پر عدالت نے نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔