یوم شہداء پولیس، جوانوں کو پوری قوم کا سلام

4 Aug, 2020 | 05:34 PM

Arslan Sheikh

( سعید احمد سعید/ وقاص احمد ) سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں یوم شہداء پولیس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد، آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز نے شہداء کی فیملی سے ملاقات کی اور تحائف بھی پیش کیے۔

سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں یوم شہداء پولیس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریلوے پولیس شہداء کے ورثاء کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان، ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز وقار عباسی، اے آئی جی ایڈمن ملک محمد عتیق سمیت ریلوے پولیس کے دیگر افسرانوں اور جوانوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ ریلوے پولیس کے 33 جوانوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں جام شہادت نوش کیا اور ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کر کے محکمہ اور ملک کا وقار بلند کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور اگر آگے بھی کبھی موقع ملا تو ہم اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

شہداء ریلوے پولیس کے ورثاء سے مخاطب ہوتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہداء کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کی فیملی کو اپنا حصہ سمجھتے ہیں اور شہداء کے ورثاء کو اس عظیم قربانی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی فیملیز کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا اور ان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں شہداء پولیس کے ایصال و ثواب کے لئے دعا کروائی گئی اور شہداء کے ورثاء میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

دوسری جانب ڈی جی آئی آیس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے یوم شہدا ءپولیس پر پولیس کے فرض شناس شہداءکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ٹویٹر پیغام جاری کیا گیا ۔ٹوئیٹر میں کہا گیا کہ فرض کی ادائیگی میں پولیس پہلی صفوں پر کھڑی ہوتی ہے ۔

ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ پولیس فرائض کی ادائیگی میں ہمیشہ پہل کرتی ہے اور ہر پکار پر لبیک کہتی ہے ۔

پولیس افسران کی طرف سے شہداء کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہوئے مختلف انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا،سربراہ لاہور پولیس ذوالفقار حمید نے یادگار شہداء پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ پر سلامی دی. اس موقعہ پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اس موقع پر سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے لاہور پولیس کے 315 فرزند شہید ہوئے، شہداء پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے ہم امن کی فضاء میں سانس لے رہے ہیں، شہداء پولیس شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی روشن مثالیں ہیں، ان کا کہنا تھا شہداء پولیس کی قربانیوں پرخراج عقیدت پیش کرنا ہمارا فرض ہے، ہم ان کا حق ادا کرتے رہیں گے، لاہور پولیس اپنے شہداء کو بھولے نہیں.

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس شہداء میں 208 کانسٹیبلز، 30 ہیڈ کانسٹیبلز، 28 اے ایس آئیز، ایک ٹریفک وارڈن، 35 سب انسپکٹرز، 06 انسپکٹرز شامل ہیں جبکہ شہداء پولیس میں 04 ڈی ایس پیز، ایک ایس پی ، ایک ایس ایس پی اور ایک ڈی آئی جی رینک کا آفیسر بھی شامل ہے.

مزیدخبریں