جنید ریاض : محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر کے سکولوں میں سائنس ،ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی بنیاد پر نصاب متعارف کروانے کا فیصلہ کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون سے صوبہ بھر کے منتخب سکولوں میں جدید ترین لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔ پاکستان سائنس فائونڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن فیروز کو مذکورہ پروجیکٹ کا فوکل پرسن تعینات کردیا گیاہے جبکہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے ڈی ای اوز بھی اس پراجیکٹ کے فوکل پرسنزہونگے۔سکولوں میں جدید لیبارٹیرزکے قیام کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن فیروز جدید لیبز کے قیام کیلئے سکولوں کا وزٹ کریں گے۔سکولوں میں جدید نصاب پڑھانے کیلئے اساتذہ کو ملکی و غیر ملکی ماہرین کے زیر نگرانی تربیت فراہم کی جائے گی۔آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر آصف گوہر کا کہنا ہے کہ پبلک سیکٹر سکولوں میں سٹم بیسڈ نصاب متعارف کروانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔انھوں نے بتایا کہ سٹم سرگرمیوں سے طلباءمیں تخلیقی صلاحیتیں پیداہونگی۔
یاد رہے اس سے قبل پنجاب حکومت نے نجی و سرکاری سکولوں میں یکساں نصاب لانے ، پرائمری تک اردو میڈیم میں تعلیم دینے، امتحانات میں گریڈ سسٹم، پرچوں کی ری مارکنگ کا نظام جلد نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
چند روز قبل وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس سے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی، ایڈیشنل سیکرٹری طارق حمید بھٹی کی موجودگی میں پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمین نے لاہور بورڈ میں ملاقات کی تھی ۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا تھا کہ تعلیمی نظام میں بہت سی خرابیاں ہیں جنہیں فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ نے فیصلہ کیاکہ پرائمری جماعت تک میڈیم آف ایجوکیشن اردو رکھا جائے، پرائمری تک انگلش کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا۔ طلبہ کو نمبروں کی دوڑ سے نکالنے کے لئے متناسب گریڈنگ کا سسٹم متعارف کروا رہے ہیں۔ متناسب گریڈنگ سے امتحان مشکل ہونے اور کم نمبر آنے کی صورت میں بھی گریڈز پر فرق نہیں پڑے گا۔