سٹی 42: جنسی ہراسانی کے خلاف سب سے پہلے ہالی ووڈ سے آواز اٹھنے کا سلسلہ ’ می ٹو‘ کی شکل میں شروع ہوا جہاں جنسی ہراسانی کا شکار ہونے والی بہت سی اداکارائوں نے بڑی اور نامور شخصیات پر الزامات عائد کیا اور پھر الزامات کی یہ لہر ہالی ووڈ سے بالی ووڈ اور اور پھر وہاں سے ہوتے ہوئے لالی ووڈ آپہنچی۔ابتداءمیں ایمان سلیمان، نادیہ جمیل، فریحہ الطاف، ماہین خان اور اس کے بعد میشا شفیع کی جانب سے بھی جنسی ہراسانی کا شکار ہونے کا اعتراف سامنے آیا تاہم ابھی میشا شفیع کا معاملہ تھما ہی تھا کہ اداکارہ عائشہ عمر نے بھی جنسی ہراسانی کا شکار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
مقبول ترین ڈرامہ بلبلے سے سے پہچانی جانے والی اداکارہ و میزبان عائشہ عمر نے ہراساں کیے جانے کا انکشاف اپنے سوشل میڈیا کے انسٹا گرام پر لگائی گئی ایک پوسٹ میں کیا۔عائشہ عمرنے اپنے پیغام میں ’ می ٹو ‘مہم پر بات کی۔اداکارہ نے کہا کہ میری نظر میں روز میکگاون (جنہوں نے می ٹو مہم کا آغاز کیا تھا)دنیا کی سب سے مضبوط خاتون ہیں ۔اداکارہ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں کراچی منتقل ہونے کے بعد محض 23برس کی عمر سے ہی مسلسل اور متعدد بار ایک ہی شخص کی جانب سے ہراساں کیا گیا جس کی وجہ سے انہوں نے شدید ذہنی اذیت برداشت کی۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل عائشہ عمر نے اداکار احسن خان کے شو میں شرکت کی ،جس کا مختصر سا ویڈیو کلپ وائرل ہو ا تھا ہے۔ ویڈیو میں عائشہ نے لب کشائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی زندگی میں کیریئر کے دوران جنسی ہراسانی کے عمل سے گزر چکی ہوں اس لیے میں اندازہ کر سکتی ہوں کہ اس وقت کسی پر کیا گزرتی ہے۔ عائشہ عمر نے کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں ابھی اس موضوع پر بات کرنا مناسب نہیں سمجھتی لیکن ہوسکتا ہے بعد میں کبھی خاموشی توڑ دوں لیکن میں یہ بھی بتانا چاہتی ہوں کہ وہ دن دور نہیں جب میں جنسی طور پر ہراساں کرنے والے کا نام بتا دوں۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز جامی نے بھی جنسی زیادتی کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا تھا۔