وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹائیگرز فورس ڈے پرشجر کاری مہم کا اعلان

4 Aug, 2020 | 10:33 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  ٹائیگرز فورس ڈے پرشجر کاری مہم کا اعلان کردیا، کہتے ہیں 9 اگست کو پورے صوبے میں 520 تقریبات منعقد ہوں گی، 12 لاکھ سے زائد پودے لگائےجائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں ٹائیگرز فورس ڈے پر شجر کاری مہم کے تحت پودے لگانے کے حوالے سے ہونے والی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیاـ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار، صوبائی وزیر محمد اخلاق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری جنگلات، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے شرکت کی۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے دوران اجلاس کہا کہ ٹائیگرز فورس ڈے کے موقع پر پنجاب کو سرسبزبنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا، شہروں میں اربن فاریسٹری کے تحت بھی پودے لگائے جائیں گے۔ صوبائی وزراء اور منتخب نمائندے ٹائیگرز فورس ڈے پر مختلف شہروں میں پودے لگائیں گے، عوامی نمائندے ٹائیگرز فورس ڈے پر پودے لگانے کی تقریبات میں بھرپور حصہ لیں۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ ہم اپنی نسلوں کو بہترین اور صاف ماحول دینے کے مشن پر گامزن ہیں، سابق دور میں نمائشی منصوبوں کی آڑ میں درختوں کو بے دردی سے کاٹا گیا۔

انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے، 2023ء تک وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرزعثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کے ہر شہر میں ٹائیگرز فورس ڈے پر پودے لگانے کا پلان بنایا ہے۔

مزیدخبریں