( شارخ ندیم ) پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بی ایس پروگرام کے لئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، انٹری ٹیسٹ میں 16 ہزار طلبہ نے شرکت کی۔
امتحانی مرکز لارنس روڈ میں پی یو سی آئی ٹی کے بی ایس پروگرام کے لئے پانچ سو ستاون نشستوں کے لئے 16 ہزار طلبہ نے انٹری ٹیسٹ دیا، پرنسپل پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میجر ریٹائرڈ عارف بٹ نے امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
انٹری ٹیسٹ میں طلبہ کے ساتھ آئے والدین نے سہولیات کے فقدان پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو بیٹھنے کے لئے انتظام کرنا چاہئے تھا، کئی گھنٹے دھوپ میں بیٹھنا پڑا۔ انٹری ٹیسٹ کی وجہ سے لارنس روڈ پر رش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔