(ندیم خالد) شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے، لہو جو ہے شہید کا وہ قوم کی زکوۃ ہے، آج ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم شہدائے پولیس نہایت عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔
رستہ نہیں منزل ہو، دھڑکن نہیں تم دل ہو
اے صبح کےغم خواروں کس بات میں تم کم ہو
اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننے والے پولیس جوانوں کو قوم کا سلام، شہید ہونے والے اہلکاروں کی یاد میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے، اس دن کا مقصد ملک و قوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، لاہور کے 311 اہلکار اور افسر ایسے ہیں جو شہادت پاکر ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے، پولیس جوانوں کی قربانی نے لاہوریوں کیلئے آج سکھ کی نیند اور تحفظ کا احساس ممکن بنایا ہوا ہے۔
اے راہِ حق کے شہیدو، وفا کی تصویرو
تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں
شہر لاہور کا منظر نامہ مال روڈ پر کیپٹن مبین شہید کی جانبازی سے لیکر داتا دربار دھماکے کے شہداء کی سرشاری تک اک داستانِ خونچکاں کا امین ہے، شہدا ءکے پاک لہو کی بوندوں سے سجی وطن سےعشق محبت اور قربانی کی اس سچی کِتھا کے ہیرو ہمارے شہدا ءہیں۔
دہشتگرد حملوں میں سینہ سپر لاہور پولیس کے شیردل جوان، آج واقعی تحسین خراج اور اظہارعقیدت کے مستحق ہیں کہ جب جب آگ کا دریا بہا اورخون کی ہولی کھیلی گئی تو زمین پر لہو کی پہلی بوند ہمارے انہی جانبازوں کی ہی گری۔
اعلیٰ پولیس افسران کی شہداء کی قبروں پر حاضری
یوم شہداء پر اعلیٰ پولیس افسران نے سرگرمیوں کا آغاز شہداء کی قبروں پر حاضری سے کیا، ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان اور ایس پی کینٹ صفدر رضا کاظمی نے باغبانپورہ میں سانحہ ارفع کریم کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور خراج تحسین پیش کیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹرانعام وحید، سی سی پی او بی اے ناصر، تمام ڈویژنل ایس پیز نے بھی شہداء کی قبروں پر حاضری دی، سی ٹی او ٹریفک پولیس کیپٹن (ر) لیاقت ملک نے سانحہ مال میں شہید کیپٹن (ر)مبین کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ کی اور لواحقین کے ہمراہ شہید افسر کو خراج تحسین پیش کیا۔
قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہر بھر میں تقاریب
پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یادگار شہداءمال روڈ اور پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں آئی جی پنجاب عارف نواز، سی سی پی او بشیراحمد ناصر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، ڈی آئی جی آپریشنر اشفاق خان سمیت دیگر نے شرکت کی، سی سی پی او کی جانب سے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہداء پر سلامی دی۔
سی سی پی او لاہور بشیر احمد ناصر کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی قربانیاں ہمیشہ ہماری یادوں اور ہمارے عزم کا حصہ رہیں گی۔
تقریب میں شریک افسران کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں، جو عظیم مقصد کے لیے ہر لمحےجان ہتھیلی پر رکھےسر بکف تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یوم شہداء پر پیغام
یوم شہداء پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں پولیس فورس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو قوم کیلئے باعث فخر قرار دیا۔
آئی جی پنجاب کا یوم شہداء پر پیغام
آئی جی پنجاب عارف نواز نے یوم شہداء پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس کے 14 سو سے زائد افسر اور اہلکار ابتک اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھ چکے ہیں، پولیس کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔