(حسن خالد) اے راہِ حق کے شہیدو، وفا کی تصویرو تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں، لاہور سمیت ملک بھر میں آج یوم شہداء پولیس منایا جارہا ہے۔ جس کا مقصد وطن کیلئے جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
لاہور سمیت ملک بھر میں وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے شہید ڈی آئی جی کیپٹن سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر شہید کیپٹن احمد مبین کی والدہ بھی سی ٹی او کے ہمراہ تھیں۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، شرکا کی جانب سے شہید کیپٹن احمد مبین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سٹی او لاہور لیاقت علی ملک کا کہنا تھاکہ کیپٹن سید احمد مبین شہید نے اپنی جان قربان کرکے پولیس کے نام کو اعلیٰ مرتبہ دیا۔ یہ تجدید عہد ہے کہ وہ اپنے شہداء کو نہیں بھولے، شہداءکی خدمات پولیس کیلئے مشعل راہ ہیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز اسد سرفراز خان نے سکنہ کوٹ نشتر کالونی قبرستان میں شہید کانسٹیبل محمد اعظم کی قبر پر حاضری دی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا مانگی۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی بھی پیش کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر کلیم امام نے یادگار شہداء مال روڈ پر حاضری دی اور موم بتیاں روشن کیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جانیں دیکر ملک و قوم کی حفاظت کرنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، شہداء کے لواحقین کیساتھ کھڑے ہیں، 24 گھنٹے مسائل حل کرنے کیلئے حاضر ہوں۔
ویڈیو دیکھیں
وطن پر جان قربان کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لبرٹی گول چکر پر شمعیں بھی روشن کی گئیں، جس میں سی سی پی او لاہور، سی ٹی او لیاقت ملک، ایس ایس پی ایڈمن عثمان گوندل نے شرکت کی۔
ویڈیو دیکھیں