ویب ڈیسک: حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی پاکستان کے نئے امیر منتخب ہوگئے ۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان 80 فیصد سے زائد ووٹ لے کرچھٹے امیر جماعت اسلامی منتخب ہوئے. نئے امیر جماعت اسلامی کی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی۔ امیر جماعت اسلامی کا انتخاب آئندہ پانچ سال کے لیے ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے۔ دستور کے مطابق جماعت اسلامی میں ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی ہے ، ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا۔ امیر جماعت کے لیے تین ناموں میں سراج الحق ، لیاقت بلوچ ، حافظ نعیم الرحمان شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری دفعہ مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں، جماعت اسلامی کے بانی امیر مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی تھے۔ میاں طفیل محمد ، قاضی حسین احمد اور سید منور حسن بھی جماعت کے امیر رہے ۔
واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے چھٹے امیر منتخب ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کے کیریر پر ایک نظر ;
حافظ نعیم الرحمن 1972 میں حیدرآباد میں پیدا ہوئے, انہو ں نے اپنے سیاسی سفرکا آ غاز زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے کیا۔ وہ 1998اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلی منتخب ہوئے، 2001 میں کراچی کی ایک یونین کونسل کے نائب ناظم منتخب ہوئے۔ وہ 2013 میں پہلی بار جماعت اسلامی کراچی کے امیر منتخب ہوئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں طاری سیاسی جمود کو توڑا، حق دو کراچی تحریک چلائی جس نے بھر پور مقبولیت حاصل کی۔ جنوری 2023 میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ان کی قیادت میں جماعت اسلامی نے بڑی کامیابی حاصل کی۔
حافظ نعیم ناظم آباد سے یونین کونسل کے چیئرمین منتخب ہوئے، وہ جماعت اسلامی کی جانب سے میئر کراچی کے امیدواربھی تھے۔ جماعت اسلامی نے 87 یونین کونسل اور نو ٹاؤنز جیتے۔ فروری 2024 میں ہونے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی سیٹ جیتی لیکن اس سے دستبردار ہوگئے، حافظ نعیم نے یہ کہہ کر کہ فارم 45 کے مطابق وہ یہ سیٹ ہارچکے ہیں سیٹ چھوڑ دی۔
حافظ نعیم الرحمن کی علامہ اقبال کے اردو اور فارسی کلام پہ گہری نظر ہے، وہ حافظ قرآن ہیں ، اردو اور انگریزی پر عبور رکھتے ہیں۔ مسحور کن قرآت اور دلگداز نعت خوانی ان کا پوشیدہ وصف ہے۔