اویس کیانی : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایران کے پارلیمانی وفد کی ایرانی نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور و سفارتکاری مہدی سفاری کی سربراہی میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وفد کے سربراہ نائب وزیر خارجہ مہدی سفاری نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ایرانی وفد کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں اقوام میں ہم آہنگی کا فروغ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطوں کیلئے ضروری ہے۔ پارلیمانی رابطے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پارلیمانی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے باہمی مسائل کا ملکر حل کرنا ضروری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، کہا کہ ایران اور پاکستان کو جغرافیائی محلِ وقوع کی بدولت علاقائی اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے منفرد مقام حاصل ہے۔ پاک-ایران سرحد کی دونوں جانب بسنے والے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جا سکتا ہے ،۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام بھی موجود تھے۔