ویب ڈیسک: میٹا نے ایک بار پھر فیس بک میں ایسی تبدیلی متعارف کرائی ہے جو ٹک ٹاک سے متاثر ہے۔
دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک میں نئے ویڈیو پلیئر کو متعارف کرایا گیا ہے جس میں ہر طرح کے فارمیٹس اور دورانیے کی ویڈیوز کو ایک کر دیا گیا ہے۔یعنی طویل ویڈیوز، لائیو ویڈیوز اور ریلز (مختصر ویڈیوز) اب سے ایک ہی ویڈیو پلیئر میں دیکھی جاسکیں گی۔اس اپ ڈیٹ ویڈیو پلیئر میں لینڈ اسکیپ ویڈیوز بھی ٹک ٹاک جیسے فل اسکرین موڈ پر اوپن ہوں گی جبکہ طویل ویڈیوز میں سلائیڈر بھی شامل ہوگا۔
فیس بک کا نیا ویڈیو پلیئر ٹک ٹاک سے بہت زیادہ ملتا جلتا ہے۔ٹک ٹاک میں بھی فار یو پیج پر اسکرول کرنے کے دوران لائیو، طویل اور مختصر ویڈیوز کو اسی طرح کے ویڈیو پلیئر پر دکھایا جاتا ہے۔میٹا کی جانب سے یہ نیا فیچر سب سے پہلے امریکا اور کینیڈا میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔آنے والے مہینوں میں اسے دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب میٹا کی کسی ایپ میں کوئی ایسا فیچر متعارف کرایا گیا ہو جو کسی اور ایپ سے متاثر ہو۔اس سے قبل 2016 میں اسنیپ چیٹ سے متاثر ہوکر اسٹوریز فیچر کو انسٹا گرام کا حصہ بنایا گیا اور بعد ازاں فیس بک اور دیگر ایپس میں بھی اسے متعارف کرایا گیا۔اسی طرح ٹک ٹاک سے مقابلے کے لیے 2020 میں مختصر ویڈیوز کے سیکشن ریلز کو میٹا ایپس کا حصہ بنایا گیا۔
اب فیس بک کی جانب سے ایسا ویڈیو لے آؤٹ متعارف کرایا جار ہا ہے جو ٹک ٹاک صارفین میں کافی مقبول ہے۔البتہ اس ویڈیو پلیئر میں 10 سیکنڈ فارورڈ یا ریوائنڈ کرنے کا آپشن موجود ہے جو ٹک ٹاک میں دستیاب نہیں۔