(جمال الدین جمالی)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی پر غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں آج بھی فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مکمل نہ کی جا سکی۔
لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین نے چودھری پرویز الہٰی کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی، آج دوران سماعت اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے پرویز الہٰی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی بیمار ہیں وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب واش روم گئے تھے وہاں انکی پسلیاں فریکچر ہو گئی ہیں.
عدالت میں اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے جمع کروائی گئی میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رہنما پی ٹی آئی چودھری پرویز الہٰی سفر نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے لیے ملزمان کو آج طلب کر رکھا تھا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
دوسری جانب شریک ملزم محمد خان بھٹی کوگجرانوالا جیل سے پیش کیا جائے گا جبکہ عدالت نے ریفرنس پر سماعت کچھ دیر کیلئےمؤخر کر دیا۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے مونس الہی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے انکے اثاثہ جات منجمد کرنے کی رپورٹ جمع کرا رکھی ہے جبکہ نیب ریفرنس میں پرویز الہی اور مونس الہی سمیت 14 ملزمان نامزد ہیں۔
نیب لاہور نے پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔
نیب ریفرنس کے مطابق پرویز الہی اور مونس الہی سمیت دیگر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جبکہ انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔