(کومل اسلم) شہر لاہور کے درجہ حرارت میں اضافہ، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح 169 ریکارڈ کی گئی ہے۔ سید مراتب علی روڈ 183،یوایس قونصلیٹ میں شرح173ریکارڈ کی گئی۔ لاہور آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے دیگر علا قوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہارمیں کہیں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا ۔خیبرپختونخواکے بیشتر با لائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر،سوات، شانگلہ ، کوہستان، بونیر،مالا کنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور اور با جوڑ میں چند مقا مات پر جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مو سم خشک اور جنوبی اضلاع میں گرم رہے گا۔ تا ہم مری،گلیات میں چند مقا ما ت پر جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب میں تیز ہوائیں / جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مو سم خشک رہے گا۔ تاہم جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تربت، پنجگور، خضدار، چا غی اورواشک میں تیز ہواؤں /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، ادھرسندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر تیز ہواؤں/ گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔