(فاران یامین)فیصل ٹاؤن میں شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ،واردات کرنے والے دو ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی،پولیس نےدونوں کو حراست میں لے لیا۔
اپنی حفاظت اپنی ذمہ داری،پولیس سے مایوس،چوروں، ڈاکوؤں سے لٹنے والے شہری مقابلے کیلئے خود ہی میدان میں آگئے، ڈاکوؤں نے شہری عدنان سے لوٹ مار کی اور فرار ہونے لگے، شہری عدنان نے اپنے پستول سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو زخمی حالت میں فرار ہوا۔
پولیس ایمرجنسی نمبر15 کو ڈی بلاک فیصل ٹاؤن اوراکبر چوک سے فون کال موصول ہوئیں، توپولیس بھی موقع پر پہنچ گئی،ڈولفن اہلکاروں نے دونوں زخمی ڈاکوؤں کو حراست میں لیکر طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے ڈاکوؤں کے قبضہ سے شہری کا موبائل فون اورنقدی برآمد کرلی۔ پولیس کا کہنا تھاکہ ایک ڈاکو کی شناخت رفاقت کےنام سے ہوئی جوگرین ٹاؤن کا رہائشی اور چوری، ڈکیتی، لوٹ مار اور رہزنی کی چالیس سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ دوسرے زخمی ڈاکو کی شناخت اور ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔